ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے

ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے

شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے

تمام پولیس شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام

آج بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے، چار اگست یومِ شہدائے پولیس ہر سال اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس افسروں اور اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، قرآن خوانی اور شہدا کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جاتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں، جنہوں نے دہشت گردی، جرائم اور امن دشمن عناصر کے خلاف بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا، ان کی قربانیوں کی بدولت معاشرے میں امن و امان کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

یوم شہدا پر شہدا کے اہلِ خانہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے، جنہوں نے اپنے پیاروں کی عظیم قربانی کو صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کیا، حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور انکے مشن کو اسی جذبے سے آگے بڑھایا جاتا رہے گا۔

چار اگست کا دن اس عہد کی یاد دلاتا ہے کہ وطن کی سلامتی، قانون کی حکمرانی اور عوام کے تحفظ کیلئے شہدائے پولیس کی لازوال قربانیاں قوم کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔