صومالی وزیرِ دفاع کی نیول چیف اور ایئر چیف سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال

صومالی وزیرِ دفاع کی نیول چیف اور ایئر چیف سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دفاعی تعاون، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ عسکری روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔

اِس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے صومالیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ صومالی وزیرِ دفاع نے خطے میں بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے مؤثر کردار کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بعدازاں صومالی وزیرِ دفاع نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون، استعدادِ کار میں اضافے اور پیشہ ورانہ روابط کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی مقامی دفاعی صلاحیت، جدید تربیتی نظام اور پیشہ ورانہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور صومالی فضائیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صومالی وزیرِ دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی میدان میں نمایاں کارکردگی کو بھی سراہا۔

ملاقاتوں میں دونوں ممالک نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعلقات اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔