خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بادلوں کی انٹری کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔
نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 16 فٹ تک پہنچ گئی۔
جی سکس میں انڈر پاسز بارشی پانی سے بھر گئے جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سید پور میں سب سے زیادہ 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جڑواں شہروں میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، بارش کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی۔
دوسری جانب کندیاں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آج اور کل ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
اس کے علاوہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔