اقلیتوں کے تحفظ، حقوق کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے: رمیش سنگھ اروڑہ

اقلیتوں کے تحفظ، حقوق کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے: رمیش سنگھ اروڑہ

اقلیتی لڑکیوں کو جبری تبدیلی مذہب سے قانونی تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب یورپی یونین، پارلیمانی کمیشن برائے انسانی حقوق اور سینٹر فار سوشل جسٹس کے اشتراک سے منعقد کی گئی، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت رشید لودھی، اقلیتی ایم پی اے شکیلہ آرتھر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی سی ایچ آر شفیق چوہدری بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

پالیسی ڈائیلاگ میں اقلیتی لڑکیوں کو جبری تبدیلی مذہب سے تحفظ دینے کے لیے قانونی اقدامات پر گفتگو کی گئی، شرکاء نے اقلیتی لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ اور جبری تبدیلی مذہب کی روک تھام کے لیے مؤثر پالیسی سازی پر زور دیا۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتوں کو اپنے ’’سر کا تاج‘‘ کہا، اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے معاشرے کے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جڑانوالہ واقعے کے بعد مسیحی برادری نے لبرٹی میں کھلے عام مذہبی تہوار منایا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتوں کے مذہبی حقوق اور آزادی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اقلیتوں کے لیے مختص بجٹ بڑھا کر 14 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلے اقلیتی امور کے محکمے کا کوئی حال نہیں تھا، موجودہ حکومت نے اس پر خصوصی توجہ دی، مسیحی شادی کے قانون کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔