خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال میں زیادہ بچوں کی اموات وارڈ میں دھواں بھرنے اور دم گھٹنے سے ہوئیں۔
طارق فضل چودھری نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، گیس لائن اور پلاسٹک کے آلات کی وجہ سے آگ پھیلی، بچوں کی زیادہ اموات دم گھٹنے سے ہوئیں، آکسیجن سپلائی کی وجہ سے بھی آگ پھیلی۔
انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے، معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر دلی رنج اور دکھ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ غم کی اس کربناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، غمزدہ والدین اور لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ایسے افسوسناک واقعات سے بچاؤ کیلئے پیشگی حفاظتی انتظامات یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ ہسپتالوں سمیت تمام متعلقہ اداروں میں مؤثر حفاظتی اور ہنگامی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم بچوں کو جوارِ رحمت میں جگہ اور غمزدہ والدین و لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔