خلاصہ
- ہری پور: (دنیا نیوز) پانچ سالہ آیت نور کے ساتھ زیادتی کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی، ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی ثابت ہوئی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق بچی کی دونوں رانوں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں جبکہ دونوں رانوں کے درمیان سوجن بھی موجود تھی۔ بچی کی موت زیادہ خون بہہ جانے اور شدید خوف کے باعث ہوئی۔
پولیس کے مطابق کیس میں اب تک چار ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، گرفتار ملزمان کی عمریں 13 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق مرکزی ملزم عثمان نے بچی کے ساتھ زیادتی کا اعتراف عدالت میں بھی کیا ہے۔ چوتھے ملزم حسن کی نشاندہی پر بچی کی لاش ایک ویران کنویں سے برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کو جیل منتقل کردیا گیا ہے، واقعے سے متعلق ڈی این اے، کپڑے اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق بچی کی تلاش کے لیے کیے گئے سرچ آپریشن میں 400 سے زائد پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کیس میں مزید تفتیش جاری ہے۔