خلاصہ
- قصور:(دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کی سکیورٹی سب سے پہلے ہے، ملک محفوظ ہوگا تو ترقی بھی ہوگی۔
کھڈیاں خاص میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے اپنے اجتماعات سے ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کا ہر اول دستہ ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے اور بعد میں نوجوانوں نے لاکھوں افراد کے اجتماعات کیے، نوجوان جس تبدیلی کے خواہاں ہیں وہ آکر رہے گی اور انہیں روزگار بھی مل کر رہے گا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ کھڈیاں کے نوجوانوں نے یونیورسٹی کے قیام کے بعد روزگار اور ملازمتوں سے متعلق سوالات کیے ہیں، نوکریاں دینے اور حکمرانی کا حق عوام کا ہے، سڑکیں اور یونیورسٹیاں بنانا بھی عوام کا حق ہے، عوام کا پیسہ منتخب نمائندہ ان کی دہلیز تک پہنچائے گا تو اسے جواب دہ بھی ہونا ہوگا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ تعلیم، تعلیم اور تعلیم ہے، تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور کسی بچے کو سکول سے باہر نہیں رہنے دیں گے۔
اُن کہنا تھا کہ آج ڈھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں، ہمیں مل کر ملک میں تعلیم اور صحت کا نظام بہتر بنانا ہے، پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور قوم کا ایک ایک نوجوان پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے، کوہاٹ میں شہید ہونے والے سپاہی کے بچے نے جسد خاکی کو سلیوٹ کرکے 25 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کی۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ملک کی سکیورٹی سب سے پہلے ہے، ملک محفوظ ہوگا تو سیاست اور ترقی بھی ہوگی، پاک فوج کے جوان ملک کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں اور ملک کو محفوظ بنا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج مختلف چیلنجز درپیش ہیں، دشمن پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، تاہم دشمن ہمارے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتا، فوج کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کرسکتے اور اپنی افواج کے خلاف کسی قسم کی سازش قبول نہیں کریں گے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا صرف شور ہے، اس کے سوا کچھ نہیں، بیوروکریسی کی حکومتوں کا نتیجہ سب کے سامنے ہے، حکومت نے ترقی یافتہ ممالک کے طرز پر بڑے منصوبے دیے ہیں، پنجاب کی تاریخ میں ترقیاتی منصوبوں پر اتنا پیسہ پہلے کسی حکومت نے خرچ نہیں کیا۔
محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ کھڈیاں کو یونیورسٹی ٹاؤن بنانے کی کوشش کریں گے اور یہ قصبہ پوائنٹ آف ریفرنس بننے جا رہا ہے، وزیراعظم موٹر وے کی گراؤنڈ بریکنگ کے لیے یہاں خود آئیں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز یہاں آکر یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گی، منصوبوں کے افتتاح کے لیے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام کا اعلان کریں گے، گنڈا سنگھ، کوٹ رادھا کشن اور دیگر علاقوں میں بھی یوتھ کنونشنز منعقد کیے جائیں گے، یوتھ کا یہ کارواں یونین کونسل کی سطح تک لے کر جائیں گے، نوجوان اس ملک کا اثاثہ ہیں، انہیں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت نوجوانوں کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ معاشرتی بہتری کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، منتخب نمائندے جب اپنے علاقوں کے مسائل حل کریں گے تو ہی بہتری آئے گی، میری خواہش ہے کہ پاکستان کا نوجوان باشعور ہو، کیوں کہ یہ سیاست، حکومت اور ریاست سب نوجوانوں کی ہے۔