خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ قانون کو کبھی ہاتھ میں نہیں لیں گے، پاکستان اور ریاست سب سے پہلے ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی قوت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں، ہم پُرامن تھے، ہیں اور پُرامن رہیں گے، ملک مزید تشدد برداشت نہیں کرسکتا، جو لوگ طاقت میں ہیں انہیں عوام کے جذبات کا احساس کرنا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم نے تعلقات ختم نہیں کیے بلکہ رابطے برقرار ہیں، ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے سے حالات بہتر نہیں ہوں گے، ہمارا نہیں بلکہ ملک کا بندوبست کریں، ہمارا تعاون ساتھ ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جارہی، اسلام آباد جائیں گے تو پاکستان کے جھنڈے ہوں گے اور بانی پی ٹی آئی کے نعرے ہوں گے، قانون کو کبھی ہاتھ میں نہیں لیں گے، پاکستان اور ریاست سب سے پہلے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کہ ہمیں چار سال میں ایک بھی لانگ مارچ نہیں کرنے دیا گیا، جبکہ آپ نے تین سال میں 11 لانگ مارچ کیے،بانی پی ٹی آئی کے کیسز میں انصاف کے مطابق فیصلے ہونا ہمارا مطالبہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی پیشکش ہوئی لیکن بات آگے نہیں بڑھائی گئی، ہمارے تقریباً 1500 کارکن گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ ارکان اسمبلی بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہمارے وزرا کو بھی گرفتار کیا گیا، سوال ہے کہ انہیں کس پاداش میں گرفتار کیا گیا؟ ہمیں کہا جارہا ہے کہ آگے بڑھے تو دہشتگردوں کی طرح نمٹا جائے گا، ہم پوچھتے ہیں کہ ہمیں دہشتگردوں کی طرح کیوں ٹریٹ کیا جائے گا، کیا ہم دہشتگرد ہیں؟
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمیں اکسایا جارہا ہے لیکن ہم دہشتگردوں کی طرح نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے حقوق کے لیے جمہوری انداز میں آگے بڑھنا ہے، عدالتی فیصلے پر آج ہی عملدرآمد کیا جائے، ہمارے گھر تڑوائے گئے، ہم اسلام کے ماننے والے ہیں، ہمارے گھر کیوں توڑے جارہے ہیں؟ ہمیں سوال کرنے کا حق حاصل ہے۔