پاکستان 2027 میں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس کی میزبانی کرے گا: احسن اقبال

پاکستان 2027 میں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس کی میزبانی کرے گا: احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کئیریک کیپیٹل مارکیٹس ڈویلپمنٹ فورم اور آسیان کیپیٹل مارکیٹس فورم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، اعلامیے کے مطابق معاہدے کا مقصد کئیریک اور آسیان ممالک کے درمیان کیپیٹل مارکیٹس میں تعاون اور روابط کو فروغ دینا ہے۔

احسن اقبال نے کہا پاکستان 2027 میں وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس کی چیئرمین شپ سنبھالنے اور 26ویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کئیریک کوریڈورز 5 اور 6 کے ذریعے وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے جوڑنے کا خواہاں ہے، اب سوال ٹرک کے گزرنے کا نہیں، کاروبار کے لیے راستے کو قابلِ اعتماد اور منافع بخش بنانے کا ہے۔

احسن اقبال نے کہا علاقائی راہداریوں کو اگلی نسل کے اقتصادی کوریڈورز میں تبدیل کرنا ہوگا، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، ڈیجیٹل رابطوں، توانائی اور قدرتی آفات سے تحفظ کا ایک مربوط نظام بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا ٹرانسپورٹ چین مکمل کرنے کے لیے سڑکوں، جدید سرحدی سہولیات، ریل فریٹ، ڈرائی پورٹس اور بندرگاہوں کو مؤثر انداز میں جوڑنا ہوگا، تورخم اور چمن بارڈر جدید سرحدی سہولیات علاقائی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا اسٹریٹجک مقامات پر لاجسٹکس اور پیداواری مراکز قائم کرکے ٹرانزٹ ٹریفک کو برآمدات اور روزگار میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، کولڈ اسٹوریج، پیکیجنگ، گودام اور ہلکی صنعتیں کوریڈور کے ساتھ مقامی معیشت کو فروغ دے سکتی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا خطے میں کئیریک ڈیجیٹل کوریڈور کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان سنگل ونڈو علاقائی تجارت کے ڈیجیٹل انضمام کی بنیاد بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا علاقائی توانائی تعاون کے ذریعے مشترکہ اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں، نئے سڑکوں، ریلوے اور لاجسٹکس انفراسٹرکچر کو سیلاب اور شدید گرمی جیسے موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنانا ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کوریڈور کی اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب وہ صرف سامان نہیں بلکہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، توانائی اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے، کوریڈورز سے منسلک مقامی آبادیوں کو بھی معاشی خوشحالی میں حصہ دار بنانا ہوگا۔