خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران عملے کے 5 ارکان کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین پاکستانی شہری رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت اور عوام پاکستان سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو صبر، حوصلہ اور سکون عطا فرمائے اور جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) September 30, 2026
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران عملے کے دیگر 4 ارکان بھی زخمی ہوئے ہیں، جن میں تین پاکستانی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایم ٹی آنر 25 کے زندہ بچ جانے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم پاکستانی شہریوں کی معاونت کیلئے بندر بیلا روانہ ہو رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اپنے سفارتی مشن اور متعلقہ حکام کے ذریعے صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی اور جاں بحق افراد کی میتوں کو پاکستان منتقل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔