خلاصہ
- کوپن ہیگن: (دنیا نیوز) پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور کوپن ہیگن میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری یورپ عائشہ علی جبکہ ڈنمارک کے وفد کی قیادت تجارت و سرمایہ کاری کی اسٹیٹ سیکریٹری سفیر سوزین ہائیڈیلنڈ نے کی۔
مذاکرات کے دوران سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، گرین ٹرانزیشن اور توانائی کے شعبوں میں تعاون، عوامی روابط، قونصلر امور اور کثیرالجہتی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ پاکستان نے گرین فریم ورک انگیجمنٹ ایگریمنٹ اور اسٹریٹجک سیکٹر کوآپریشن کے تحت ڈنمارک کے مسلسل تعاون کو سراہا۔
دونوں ممالک نے عوامی روابط کو مزید آسان بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ دوطرفہ روابط کا سلسلہ برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان میں منعقد ہوگا۔