بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کیا جا رہا ہے: سرفراز بگٹی

بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کیا جا رہا ہے: سرفراز بگٹی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج یہاں اس بات کو تسلیم کرنے کے لیے اکٹھے ہیں کہ آپ گریجویٹس بنے ہیں، جب ہم نے حکومت سنبھالی تو محسوس ہوا کہ نوجوان اور حکومت کے درمیان فاصلہ ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم نے محسوس کیا کہ یوتھ اور ریاست کے درمیان فاصلہ ہے، نوجوانوں کو ریاست اور حکومت سے جوڑنے کے لیے سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بچیوں کا ہاتھ پکڑ کر انہیں منزل تک پہنچائیں گے، دہشت گردی ہماری بچیوں کا مستقبل نہیں، دہشت گرد اور سمگلر ہمارے نوجوانوں کو استعمال کر رہے تھے، انہیں خودکش بنایا جا رہا تھا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو ہنرمند بنا رہے ہیں، مالی معاونت کریں گے، تین چار سال تک آپ کی معاونت کریں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ میری خواہش رہی ہے کہ خواتین آگے آئیں، خواتین آگے بڑھیں گی تو ان کے بھائی اور نوجوان بھی آگے بڑھیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ بااختیار خواتین نظر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے اقدامات کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے، نوجوانوں نے غیر قانونی نہیں بلکہ قانونی سپیکٹرم میں آگے بڑھنا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ آپ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں، حکومت آپ کے ساتھ ہے۔