پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 14 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 14 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، 10 سے 14 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق 10، 11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

سیف انور جپہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں۔ آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔