خلاصہ
- پشاور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو لانگ مارچ اور شارٹ مارچ کے بجائے امن و امان پر توجہ دینی چاہیے تھی۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سیاسی مارچوں کے بجائے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے تھی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں بلند کیا جب کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، استحکام اور ترقی کے خواہاں ہیں۔
اُنہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی لانگ مارچ اور کبھی شارٹ مارچ کرتے ہیں، جبکہ گزشتہ ڈھائی ماہ سے صوبے کو مفلوج کرکے رکھا ہوا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے تھی، کیونکہ صوبے کے عوام امن اور ترقی چاہتے ہیں۔
امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کے عوام کے لیے مشکلات پیدا کیں اور ان کے ساتھ دشمنی کی۔
انہوں نے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نام پر لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اسلام آباد نہیں پہنچ سکتا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، استحکام اور ترقی چاہتے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا، جلد امن قائم ہوگا اور ترقی کا عمل آگے بڑھے گا۔