خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا پولیس نے ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور احتجاجی مظاہروں کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تحریری آپریشنل ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ امن و امان میں خلل ڈالنے، سرکاری تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچانے، سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے اور شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا کہ کسی بھی احتجاج یا ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، توڑ پھوڑ، تشدد اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں ملوث افراد سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی غیرقانونی اجتماع، پُرتشدد سرگرمی یا اشتعال انگیزی کا حصہ بننے سے گریز کریں، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پُرامن رہیں، قانون کی پاسداری کریں اور شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
آپریشنل ہدایات میں پولیس سٹیشنز، سرکاری عمارتوں، بینکوں، پٹرول پمپس، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں شہریوں کی جان و مال اور سرکاری و نجی املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس نے انتباہ جاری کیا ہے کہ احتجاجی مظاہروں اور متعلقہ کارروائیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی تاکہ واقعات کے شواہد محفوظ کیے جا سکیں اور ضرورت پڑنے پر ان کی مدد سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ احتجاجی صورتِ حال سے مؤثر انداز میں نمٹنے، امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا۔
خیبر پختونخوا پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ امن و امان میں خلل ڈالنے، تشدد پر اکسانے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور شہریوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جب کہ عوام سے پُرامن رہنے اور قانون کی پابندی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔