پاکستان
خلاصہ
- راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز اور ایف سی بلوچستان نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسلحہ کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کر کے افغانستان سے گولہ بارود منتقل کرنے کا منصوبہ ناکام بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع پشین کے علاقہ سرانان میں سکیورٹی فورسز نے گودام پر چھاپہ مار کر اسلحہ و گولہ بارود سے بھری گاڑی پکڑ لی، گاڑی سے 3 آر پی جی، 4 لائٹ مشین گنز، مشین گن، دستی بم، راکٹس اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں دہشت گرد عناصر کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر تاحال سرچ آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بلوچستان میں امن واستحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔