خلاصہ
- ژوب: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
ژوب میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں گورنر راج کی گنجائش ہے، اگر ایسا ہوا تو ملک کا ہر چوراہا بند کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سیاسی بحران کا حل چاہتی ہے تو پہلے اپوزیشن رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ان کا مؤقف معلوم کرکے مذاکرات میں آگے بڑھا جائے گا، بانی پی ٹی آئی جو کہیں گے، وہی بات آگے پہنچائی جائے گی۔
محمود خان اچکزئی نے یقین دہانی کرائی کہ ملاقات کے بعد مسائل کے حل تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور بات چیت ختم نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی بحران کا حل مذاکرات اور آئین کی بالادستی میں ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو آئین کی بالادستی پر متفق ہونا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کسی صورت قبول نہیں کریں گے، اگر گورنر راج نافذ کیا گیا تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔