خلاصہ
- پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کے لیے علاقائی ترقیاتی و نمائندہ کونسل کے خدوخال واضح ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق آٹھ قبائلی اور چار بندوبستی اضلاع پر مشتمل علاقائی ترقیاتی و نمائندہ کونسل کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کونسل کا سیکریٹریٹ پشاور میں قائم کیا جائے گا۔
اِسی طرح متعلقہ علاقوں کے انتظامی امور کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے علاوہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس بھی تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ علاقائی ترقیاتی و نمائندہ کونسل کے لیے ایک کیمپ آفس بھی قائم کیا جائے گا، جو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے چہکان میں بنایا جائے گا۔
دوسری جانب مجوزہ کونسل میں تمام 12 اضلاع سے عوام کے منتخب کردہ دو، دو عمائدین کو شامل کیا جائے گا جس کے بعد کونسل کے ارکان کی مجموعی تعداد 24 ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ 24 عمائدین پر مشتمل اس فورم کو علاقائی ترقیاتی و نمائندہ کونسل کا نام دیا جائے گا۔ کونسل کی فنڈنگ اور تمام مالی معاملات کی براہِ راست نگرانی وفاقی حکومت کرے گی۔
مزید برآں ذرائع کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کونسل وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہے گی، مجوزہ انتظامی ڈھانچے کے تحت 12 اضلاع کی نمائندگی، ترقیاتی امور اور وفاقی حکومت کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے ایک مشترکہ فورم تشکیل دیا جائے گا۔