خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ جمہوریت کو ری بوٹ کرنے کی ضرورت ہے، نئی ٹیم کو 180 دن میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔
پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پریس کانفرنس میں کہے گئے ایک ایک لفظ پر قائم ہیں، پاکستان کے خلاف بات کرنے والوں کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے، جبکہ کوئی صوبہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ غریبوں کے بچے گٹروں میں گر کر جانیں گنوا رہے ہیں، لیکن ملک میں جمہوریت کے ثمرات پر سوال اٹھتے ہیں، گندی جمہوریت کی وجہ سے پاکستان میں مسائل پیدا ہوئے ہیں، تاہم اچھی جمہوریت بھی ممکن ہے، جمہوریت کا نظام چلتا رہے گا، لیکن اس میں تبدیلیاں لانا ہوں گی۔
سینیٹر کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو ری بوٹ کرنے کا مطلب پورے نظام کو تبدیل کرنا ہے، نئی ٹیم کو 180 دن میں اپنی کارکردگی ثابت کرنا ہوگی اور خیبرپختونخوا میں ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اگر موجودہ ٹیم کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی تو اس سے بہتر لوگ لائے جائیں گے۔
فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی بات انہوں نے دس ماہ قبل کی تھی اور ممکن ہے کہ ان کی یہ بات بھی درست ثابت ہوجائے۔
انہوں ںے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں موجود سہیل آفریدی کی نااہلی کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے، انہوں نے تحریک انصاف کے احتجاج میں شریک افراد کی تعداد 600 بتاتے ہوئے پارٹی کی احتجاجی حکمت عملی پر بھی سوال اٹھایا۔