او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس آج بغداد میں ہوگا، اسحاق ڈار شرکت نہیں کریں گے

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس آج بغداد میں ہوگا، اسحاق ڈار شرکت نہیں کریں گے

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، ایک عہدیدار نے دنیا نیوز کو بتایا کہ جدہ میں او آئی سی کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے فواد شیر اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

عہدیدار کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ملک میں اپنی مصروفیات اور بعض دیگر اہم امور کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بغداد پہنچ چکے ہیں، جبکہ ترکیہ، مصر اور دیگر مسلم ممالک کے حکام کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔

اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، اس تناظر میں رکن ممالک کے نمائندے علاقائی امن و استحکام کی صورتحال اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اجلاس میں مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے، علاقائی تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔