پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ بدلنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ بدلنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے سماعت کی، وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل کمیشن میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا تھا، پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران الیکشن کرانے کا کہا تھا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ ہماری بلدیاتی الیکشن کی تیاری مکمل ہے، درخواست ہے کہ انتخابات کیلئے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ دی جائے، ہمیں الیکشن تیاری کیلئے دو ماہ چاہئیں، پنجاب اور لاہور میں دسمبر میں بہت دھند ہوتی ہے، 20 جنوری کے بعد موسم کھل جاتا ہے، سٹاف کیلئے انتظامات کے حوالے سے دسمبر بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ تو اپریل کا الیکشن کہہ رہے تھے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ہم نے دوبارہ سوچا کہ جنوری اور فروری میں اعتراض نہیں ہے، اپریل میں ہمیں الیکشن سوٹ کرتا تھا، اپریل میں سکول کی چھٹیاں ہوتی ہیں، سردی میں دن بھی بہت چھوٹا اور ووٹر نہیں نکلتا جبکہ اپریل میں روشنی کا پورا دن ملتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 20 جنوری کی درخواست پر غور کریں گے، اس کے بعد الیکشن تاریخ کا اعلان کر دیں گے، چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بسنت تو ویسے آپ منا رہے ہیں۔

پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے 20جنوری کے بعد بلدیاتی انتخابات کرانے درخواست کی، جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔