ضمنی انتخاب: پنجاب کے دونوں حلقوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کامیاب

ضمنی انتخاب: پنجاب کے دونوں حلقوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کامیاب

گوجرانوالہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کرلی، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک کامیاب قرار پائے ہیں۔

کامیابی کی خبر ملتے ہی مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد مرکزی دفتر پہنچ گئی، جہاں جشن کا سماں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ، بلال فاروق تارڑ اور سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر بھی راشد بشیر ورک کو مبارک باد دینے پہنچے۔

اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، جبکہ ڈھول کی تھاپ پر کارکنوں نے بھنگڑے ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ مرکزی دفتر میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور جشن کا سلسلہ جاری ہے۔

پی پی 203

غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار اسد حنیف جٹ 41 ہزار 245 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ تحریک احساس پاکستان کے امیدوار محمد اویس گجر 23 ہزار 167 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقے کے تمام 185 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسد حنیف جٹ نے اپنے مدمقابل امیدوار کو 18 ہزار 78 ووٹوں کی برتری سے شکست دی۔

ضمنی انتخاب میں حلقے کے 2 لاکھ 58 ہزار 122 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے مجموعی طور پر 185 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ پی پی 203 کی یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔