ملک میں قانون کی حکمرانی اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہوگا: اسحاق ڈار

ملک میں قانون کی حکمرانی اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہوگا: اسحاق ڈار

علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پوری قوم شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے، علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو شناخت، حقوق اور اجتماعی مستقبل کا شعور دیا، اقبالؒ نے مسلمانوں کی سیاسی بیداری اور آزاد وطن کی جدوجہد کو فکری سمت عطا کی۔

انہوں نے کہا کہ خطبہ الٰہ آباد اور شاعری کے ذریعے اقبالؒ نے ایک آزاد اور خوددار قوم کا تصور پیش کیا، ملک میں قانون کی حکمرانی اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہوگا، اقبالؒ کا تصور ایک ایسی قوم کی تشکیل تھا جو اپنے ایمان، تہذیب اور خودی پر اعتماد رکھتی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی کا حقیقی مقصد انسانی وقار، عدل اور مساوات پر مبنی معاشرے کا قیام ہے، ہر فرد کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں، فکرِ اقبال آج بھی ہماری قومی زندگی کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسفہ خودی اپنی صلاحیتوں پر یقین اور کردار کی پختگی کا درس دیتا ہے، فکرِ اقبال کا تقاضا ہے کہ تعلیم و تحقیق کو ترجیح دی جائے، اداروں کو مضبوط اور محنت و خود انحصاری کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نوجوان علامہ اقبالؒ کی امیدوں کا محور تھے، نوجوانوں کو معیاری تعلیم، ہنر اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، نوجوان علم، تخلیقی سوچ اور خدمت خلق کے جذبے سے ملکی تعمیر میں کردار ادا کریں، اقبالؒ نے نوجوانوں کو مسلسل جستجو، بلند نگاہی اور مقصد سے وابستگی کا پیغام دیا، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا قومی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اخوت اور انسانی وقار اقبالؒ کی فکر کے بنیادی اصول ہیں، پاکستان دنیا میں امن، انصاف اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان اقوام کی خودمختاری اور عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت پاکستان کی پالیسی کا حصہ ہے، فکرِ اقبال کو قومی فیصلوں اور عملی اقدامات کا حصہ بنانا ہوگا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علم و عمل میں آگے اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کی تعمیر ہمارا عزم ہے، ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں انصاف اور مساوی مواقع ہر شہری کو میسر ہوں، ملک میں قانون کی حکمرانی اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہوگا، فکرِ اقبال پر عمل پیرا ہو کر ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط پاکستان تعمیر کیا جا سکتا ہے۔