خلاصہ
- انطالیہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے صرف وعدے نہیں، ٹھوس اقدامات چاہئیں،عالمی برادری ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔
انطالیہ میں کوپ 31 کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کےبےپناہ نقصانات ہیں، 2022 میں پاکستان کاایک تہائی حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا، سیلاب سے پاکستان کو بھاری معاشی نقصان ہوا۔
شہبازشریف نے کہا کہ تباہ کن سیلابوں کے دوران ترک حکومت، عوام پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب سے پاکستان میں 3 کروڑ30لاکھ افراد متاثر ہوئے، تباہ کن سیلابوں کےدوران ترک حکومت،عوام پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے، پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم کا ذمہ دار ہے، پاکستان ماحول دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ عالمی برادری ترقی پذیر ممالک سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بہترین مہمان نوازی پرترک صدر اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ترک صدراور عوام کوکوپ 31 کے انتظامات پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
قبل ازیں کلین انرجی کی جانب منتقلی سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے سولر منصوبے کے تحت سستی بجلی حاصل کی، جو پاکستان میں خاموشی سے شمسی انقلاب برپاہوا،یہ تبدیلی صاف اور قابل بھروسہ مستقبل کی جانب اہم پیشرفت ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سولر توانائی کے فروغ سے بجلی سستی ہوئی ہے، ملک میں فروخت ہونے والی ہر 10 میں سے ایک موٹرسائیکل الیکٹرک ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ 2030 تک نئی گاڑیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کا تناسب 30 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے، تاہم مناسب فنانسنگ کے بغیرمقررہ اہداف کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے۔