اسحاق ڈار سے صدر عالمی ریسکیو کمیٹی کی ملاقات، انسانی ہمدردی کے امور پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار سے صدر عالمی ریسکیو کمیٹی کی ملاقات، انسانی ہمدردی کے امور پر تبادلہ خیال

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات  میں پاکستان میں ادارے کی سرگرمیوں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے نائب وزیراعظم کو پاکستان میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی جاری سرگرمیوں اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ ادارے کی دیرینہ شراکت داری اور انسانی ہمدردی کے تحت فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کو مسلسل جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی سرگرمیوں کے تسلسل کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال، بالخصوص دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مزید برآں دونوں جانب سے انسانی ہمدردی کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مسلسل شمولیت اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔