انتخابی اصلاحات کیلئے برابری کی نمائندگی دی جائے: بیرسٹر گوہر علی

انتخابی اصلاحات کیلئے برابری کی نمائندگی دی جائے: بیرسٹر گوہر علی

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہمارے بڑے تحفظات ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی کی صحت پر سیاست نہ کی جائے، سپریم کورٹ کا آرڈر بھی ہے کہ علاج معالجہ ہو، شفا ہسپتال میں ہو اور میڈیکل بورڈ بنے۔

انہوں نے کہا کہ فیملی سے ملاقات اور ذاتی معالج سے متعلق بھی حکم ہے، اگر یہ پراسس فالو کیا جاتا ہے تو ہی ہماری تسلی ہوگی، ایک سابق وزیراعظم، ایک بڑے لیڈر اور ایک قیدی کی حیثیت سے بھی یہ اس کا حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس ہے، باقی وکلا جیل ملاقات کیلئے جائیں گے، عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کا نہیں ہے، سلمان اکرم راجہ پہلے کی عدالت کو بتا چکے ہیں، آئندہ سماعت پر عدالت کو دوبارہ بتا دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہونی چاہئیں، لیکن یہ الگ معاملہ ہے، بانی کی فیملی، بہنوں اور وکلاء سے بھی ملاقاتیں ہونی چاہئیں۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ القادر کیس میں 25 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں گے، ہمیں انصاف ملنا چاہیے اور انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔