غریب، محنت کش خاندانوں کو گھر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے: شہباز شریف

غریب، محنت کش خاندانوں کو گھر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے: شہباز شریف

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میں آشیانہ سکیم شروع کی گئی، پہلا منصوبہ آشیانہ قائد تھا، اس کے بعد آشیانہ اقبال اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اس کا آغاز ہوا، اپنا گھر ہر شہری کا خواب ہوتا ہے، خوشی ہے کہ ہزاروں خاندانوں کو گھر مل چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اپنے انتخابی حلقے میں ایک ایسے گھر کا دورہ کیا جو صرف ایک کمرے پر مشتمل تھا، وہاں ایک خاتون سے پوچھا کہ آپ کیا کام کرتی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی بیماری میں مبتلا ہے، دکھ کی بات ہے کہ ایک طرف تمام وسائل مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھ میں ہیں جبکہ بہت بڑی تعداد چھت، تعلیم اور روزگار سے محروم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سب کو برابر حقوق ملنے چاہئیں، یہ وہ پاکستان نہیں تھا جس کے لیے قائداعظم نے تحریک چلائی تھی، پاکستان کے قیام کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے خون کے دریا عبور کیے، اگر ہم غریب مزدور اور بیوہ کو چھت فراہم نہیں کر سکتے تو ہمیں اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بھی بنانے پڑے تو بناؤں گا، بینکوں کو برق رفتاری سے قرضے فراہم کرنے چاہئیں، اس مقصد کے لیے جو بھی رکاوٹیں ہیں انہیں مل بیٹھ کر دور کریں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ قرضے لینے والوں سے کسی نے سیاسی جماعت نہیں پوچھی، اسی کو شفافیت اور میرٹ کہتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میرٹ پر کسی مخالف جماعت کے شخص کو بھی گھر ملتا ہے تو ضرور ملنا چاہیے، بینک میرٹ پر قرضے فراہم کرنے کے لیے آسانیاں پیدا کریں، یہ وسائل قوم کے ہیں اور حق داروں کے لیے ہیں۔