خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) میر رضا کے والد اور وکیل جبران ناصر نے کہا ہے کہ میر رضا کیس کی پیروی ان کی فیملی اور پورا میڈیا کر رہا ہے، جے آئی ٹی میں صوبائی اور وفاقی نمائندے شامل ہیں، تاہم تین ہفتے سے زائد گزرنے کے باوجود اس کے احکامات پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آ رہا۔
ڈی آئی جی ویسٹ آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جبران ناصر نے کہا کہ یہ کیس ایک امتحان ہے، دیکھنا ہے کہ ہمیں ریلیف مل سکتا ہے یا نہیں، ہم نے جے آئی ٹی میں بہت سی چیزیں اور نام دیئے ہیں جن کی جانچ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور صوبائی وزیر داخلہ کی ذمہ داری ہے کہ کیس کو حل کیا جائے، افسران کے خلاف کوئی کارروائی ہوتی نظر نہیں آ رہی، ایف آئی اے کو بھی کیس کی جانچ کا کہا گیا تھا لیکن اس حوالے سے بھی اب تک صورتحال واضح نہیں کی گئی۔
جبران ناصر کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کو خط لکھا ہے کہ اب تک جے آئی ٹی کے حکم پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: میر رضا قتل کیس: جے آئی ٹی کا سوشل میڈیا ریکارڈ کیلئے عدالت سے رجوع
انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا، تاہم کمیشن میں جن افسران کے نام لیے گئے، ان کے خلاف نہ انکوائری ہوئی اور نہ کوئی کارروائی نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سپروائزری کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں اہم وزرا کے نام شامل ہیں، لیکن وزرا کی کمیٹی کی جانب سے انہیں کوئی اپ ڈیٹ نہیں دی جا رہی۔
جبران ناصر نے ڈاکٹر اسامہ کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے اپنے محکمے کا مذاق اڑایا، ڈی جی ہیلتھ اتنے مؤثر نہیں کہ ڈاکٹر اسامہ کی سزا کا تعین کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس وقت اطمینان ہوگا جب قاتلوں کو ان کے سامنے کھڑا کیا جائے گا، تفتیش واقعی منصفانہ ہو رہی ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ نتیجہ ہی کرے گا، ہمیں اب بھی امید ہے کہ قاتل سامنے آ جائیں گے۔