خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے میر رضا اور دو نامزد مشتبہ افراد کے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
کراچی میں نوجوان تاجر میر رضا علی کی پراسرار موت کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کی سفارشات اور مقتول کے اہل خانہ کے مطالبے پر بنائی گئی جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔
جے آئی ٹی میں شامل تفتیشی افسر کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے میر رضا کے مشتبہ دوستوں علی شاز اور احمد بھاردے کو 24 نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیے۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ میر رضا اور دونوں مشتبہ افراد کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کا ریکارڈ درکار ہے۔
درخواست کے مطابق علی شاز اور احمد بھاردے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے علاوہ میسنجر اور اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کرنا ضروری ہیں۔
تفتیشی افسر کے مطابق مشتبہ افراد کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا ریکارڈ قتل کیس کی تفتیش کے لیے ضروری ہے، جس سے ان کی سرگرمیوں کا پتا چلایا جا سکتا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مشتبہ احمد بھاردے کو مقتول کا بزنس پارٹنر قرار دیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی نے متعلقہ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے 22 سے 29 جولائی تک کا ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ رکھنے کی درخواست بھی کی ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق اس سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے بھی رابطہ کیا گیا تھا، تاہم عدالتی اجازت نہ ہونے کے باعث ایجنسی کارروائی نہیں کرسکی۔
عدالت نے درخواست پر مشتبہ افراد علی شاز اور احمد بھاردے کو 24 نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔
واضح رہے کراچی کے 25 سالہ نوجوان تاجر اور آئی بی اے گریجویٹ میر رضا علی کی 28 جولائی کو فیروز آباد کے علاقے سے پُراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے بعد اگلے روز گلستانِ جوہر کے ایک گیسٹ ہاؤس کے قریب سے لاش ملی تھی۔
اگرچہ پولیس نے ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا واقعہ قرار دینے کی کوشش کی تھی تاہم اہل خانہ کے اصرار اور عدالتی حکم پر کی جانے والی قبر کشائی اور دوسرے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں جسم پر تشدد اور چوٹوں کے واضح نشانات پائے گئے تھے، جس کے بعد کیس کا رخ تبدیل ہوگیا تھا۔
ابتدائی طور پر فیروز آباد تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 شامل کردی گئی تھیں۔
کیس میں اہم موڑ اس وقت آیا جب کراچی پولیس سرجن نے میر رضا علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 14 سنگین خامیوں کی نشاندہی کی۔ اعتراضات میں لاش کا ایکسرے نہ ہونا، فائرنگ کے بارودی ذرات کے لیے ہاتھوں کے نمونے نہ لینا، زخموں کی مناسب فارنزک پیمائش و تصاویر نہ بنانا اور شناخت کے لیے ڈی این اے نمونہ حاصل نہ کرنا شامل ہیں۔
سندھ حکومت نے 28 اکتوبر کو میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اس تفتیشی ٹیم کے کنوینر ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ ہیں جب کہ آئی ایس آئی، انٹیلی جنس بیورو، رینجرز ، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے سینئر افسران بھی شامل ہیں۔