خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کو کھل کر بحث کرنی چاہیے، کیونکہ عوام کا ریاست سے رشتہ اسی وقت مضبوط ہو سکتا ہے جب انہیں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوام کا ریاست سے رشتہ کمزور ہو رہا ہے اور وسائل کی غیر مساوی تقسیم سے محرومی اور احساسِ تفاوت میں اضافہ ہوتا ہے، شہریوں کو ان کا جائز حصہ ملنا چاہیے، کیونکہ نئے صوبوں کا معاملہ محض انتظامی اخراجات کا نہیں بلکہ عوام کی ریاست میں شمولیت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی رائے لینا اور صوبے کی حدود تبدیل کرنا دو الگ معاملات ہیں، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر عوامی رائے نہیں لی جا سکتی، پارلیمنٹ یہ طے کرنے کا اختیار رکھتی ہے کہ ریفرنڈم کن سوالات اور کن علاقوں میں منعقد ہونا چاہیے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اگر صوبوں کی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کا اختیار ہے تو 2012 میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قراردادیں کیوں منظور کی گئی تھیں؟ پیپلز پارٹی کے مؤقف پر بھی وضاحت ضروری ہے کہ وہ سندھ میں صوبے کی تقسیم کی مخالفت جبکہ پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کس منطق کے تحت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں نئے صوبوں کے معاملے پر بحث کرانا اپوزیشن کا آئینی حق ہے اور اس موضوع پر ایوان میں بات ہونی چاہیے، سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اپنا واضح مؤقف اور اس کی وجوہات عوام کے سامنے رکھنی چاہئیں۔
ریفرنڈم کے حوالے سے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ گزشتہ دو ریفرنڈم آمریت کے ادوار میں ہوئے، تاہم موجودہ ریفرنڈم اس اعتبار سے مختلف ہوگا کہ یہ پارلیمنٹ کے ذریعے سامنے آئے گا، ریفرنڈم کا تصور آئین کے وجود میں آنے کے وقت سے موجود ہے اور آئین میں اس کے انعقاد کا طریقہ بھی درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے معاملے پر پارلیمنٹ ہی واحد فورم ہے جہاں کھل کر بات ہونی چاہیے، یہ ایسا معاملہ نہیں جسے عدالتوں کے ذریعے حل کیا جائے، البتہ اگر آئین کی تشریح کی ضرورت پیش آئے تو اس کے لیے آئینی عدالت موجود ہے، عدالتوں کو آئین دوبارہ لکھنے کے بجائے اس کی تشریح کرنی چاہیے۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ براہ راست جمہوریت اور نمائندہ جمہوریت دونوں کی اپنی اہمیت اور آئینی حیثیت ہے، اگر آئین کا غلط استعمال ہوا ہے تو ایسی تمام غلط چیزوں کو آئین سے نکال دینا چاہیے، حتمی اعداد و شمار دینا ان کا مؤقف نہیں، اصل مسئلہ عوام کو وسائل کی منصفانہ فراہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان سیاسی اختلافات کو آئینی دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیے، نواز شریف کا اس معاملے پر بولنا حتمی اہمیت رکھتا ہے اور وہ اس حوالے سے اچھا کر رہے ہیں اور اپنا وقت لے رہے ہیں۔