خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورونانک کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گورونانک کی تعلیمات بھائی چارے، امن، مساوات اور رواداری کے فروغ کا اہم پیغام دیتی ہیں۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکھ مت کے بانی بابا گورونانک کی بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک نے مذہبی اختلافات سے بالاتر ہوکر رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ مساوات اور انصاف بابا گورونانک کی تعلیمات کی بنیادی اساس ہیں، ان کا پیغام آج بھی معاشرے میں امن، محبت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے بابا گورونانک کی تعلیمات اور پیغام کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سکھ مت کے مقدس ترین مقامات کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب سکھ برادری کو ان کے مقدس مقامات پر حاضری کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، اہل پنجاب اپنے سکھ بہن بھائیوں کی میزبانی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بابا گورونانک کا امن، محبت، مساوات اور رواداری کا پیغام مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو قریب لانے اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔