خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے کا چیلنج سنگین ہوتا جا رہا ہے، ایک فیک نیوز چند سیکنڈ میں دنیا بھر میں پھیل سکتی ہے
ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ سوشل میڈیا کا موضوع ان کے دل کے قریب ہے، تاہم موجودہ دور میں قانون سازی، ضوابط اور پالیسیوں کے ذریعے سوشل میڈیا کے چیلنجز سے نمٹنا آسان نہیں، اس کے لیے انتہائی محتاط اور نپے تلے انداز میں اقدامات کرنا ہوں گے۔
فیک نیوز سے کسی فرد کی عزت، وقار اور ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، فیک نیوز گولی کی مانند ہے جو ایک مرتبہ چل جائے تو واپس نہیں آتی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور ان کے ساتھ نئے چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ دانستہ یا نادانستہ غلط اور جھوٹی معلومات کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قانون سازی اور مؤثر ریگولیشن کے ساتھ اجتماعی رویوں میں تبدیلی بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کی عزت، وقار اور ساکھ کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ آزادی اظہار اور دوسروں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ آئین کے آرٹیکل 4 اور 19 میں بیان کردہ حقوق پاکستان کی سرزمین پر موجود ہر شخص کو حاصل ہیں، جبکہ آئین ہر فرد کے وقار اور نجی زندگی کے احترام کا بھی تقاضا کرتا ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے، تاہم سوشل میڈیا نے روایتی ضابطوں کو نئے چیلنج سے دوچار کر دیا ہے۔ صحافتی دنیا میں بریکنگ نیوز کی دوڑ بھی جاری رہتی ہے، اس لیے خبر کی تصدیق اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں ان کے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے یہ غلط خبر نشر کی گئی کہ ان کے اثاثے 32 ارب روپے ہیں، تاہم اگلے روز اس خبر کی وضاحت جاری کی گئی۔ اس مثال سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ غلط معلومات کسی شخص کو کس طرح متاثر کر سکتی ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی خبر کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کی تصدیق کرے۔ ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے آزادی اظہار اور غلط معلومات کے درمیان واضح فرق سمجھنا ضروری ہے، جبکہ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی اظہار کے تحفظ کے ساتھ ذمہ داری اور جواب دہی کا توازن بھی برقرار رکھنا ہوگا۔