وزیراعظم سے گورنر کے پی کی ملاقات، عوامی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے گورنر کے پی کی ملاقات، عوامی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال

وزیراعظم نے صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر سکیورٹی فورسز اور خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں رائگاں نہیں جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبے کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں جبکہ صحت، تعلیم اور سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیاں ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔