خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نے امن، مساوات، ہمدردی اور تمام انسانوں کے احترام کا درس دیا، دیانتداری سے محنت، ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہنے اور انسانیت کی خدمت کا ان کا پیغام لوگوں کے لیے مسلسل باعث تحریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے فرزند ہونے کے ناطے انہیں اس بات پر بالخصوص فخر ہے کہ بابا گرو نانک دیو جی کی تعلیمات سندھ کی روحانی اور ثقافتی زندگی میں دائمی مقام رکھتی ہیں، اور نانک پنتھی روایت کے ذریعے سندھیوں کی نسلوں نے ان کی تعلیمات کی پیروی کی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر اور شکارپور سمیت سندھ میں واقع گوردوارے اور گرو نانک دربار اس زندہ ثقافتی ورثے کی گواہی دیتے ہیں، پاکستان سکھ مذہب سے وابستہ مقدس ترین مقامات کا گھر ہے جن میں ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان اور نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور شامل ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان مذہب پر عمل کرنے کی آزادی اور تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، یہ عزم قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کے خطاب میں بیان کردہ تصور میں راسخ ہے، اس موقع پر ہمیں ضرورت مندوں کا خیال رکھنے، تعصب کو مسترد کرنے اور باہمی اتحاد کے رشتوں کو مضبوط بنانے کا عہد کرنا چاہئے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ بابا گرو نانک بلا شبہ غیر معمولی شخصیت تھے جنہوں نے معاشرے میں فروغِ امن، باہمی رواداری اور سماجی مساوات جیسی مثبت اقدار کا پرچار کیا، انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک نے اپنے ماننے والوں کو ہمیشہ انسانی ہمدردی اور خدمتِ انسانیت کی تلقین کی، اور ان کا بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی پر مبنی پیغام انسانی وقار اور عالمگیر اخوت کے تناظر میں مُوثر اور گہرا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ سرزمین سکھ مت کے مقدس ترین مقامات کی میزبان ہے، حکومتِ پاکستان سکھوں کے مقدس مقامات کے تحفظ، حفاظت اور نگہداشت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اور تمام سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتوں کے مذہبی حقوق و آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اور حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی آزادی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیے، سماجی امن کے فروغ، بین المذاہب افہام و تفہیم اور مستحکم مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنے اجتماعی عزم کی تجدید کریں۔