خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ کے صوبے کے مختلف شہروں کے کامیاب دوروں اور عوامی پذیرائی کو سراہا گیا۔
صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مختلف شہروں کے دوروں پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے پنجاب میں 5 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ صوبائی وزیر خوراک سلمیٰ بٹ کو آٹے کے نرخوں میں کمی کا ہدف دے دیا۔
مریم نواز کا عوامی پذیرائی پر اظہار تشکر، کامیابیوں کا کریڈٹ کابینہ کو بھی دے دی
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کے منصوبوں میں کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، عوام کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے کمی بیشی کے باوجود خدمت کو قبول کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت کا موازنہ کریں تو عوام گھر سے نکلنے کے قابل بھی نہیں تھے، مالی مشکلات کا شکار لوگوں کے لیے بنیادی ضروریات زندگی پوری کرنا بھی دشوار تھا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال بعد سڑکوں پر نکلے تو لوگوں نے پھول برسائے، راولپنڈی میں لوگ اظہار تشکر کرتے ہوئے قرآن پاک کے تحائف پیش کرتے رہے، کامیابیوں کا کریڈٹ صرف میرا نہیں بلکہ ہر وزیر، مشیر اور معاون خصوصی کا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کامیابی تب سمجھتی ہوں جب ہر آنے والا دن پہلے سے بہتر ہو۔ سکھ یاتریوں کو پنجاب آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید اور جی آیاں نوں کہتے ہیں، ننکانہ صاحب میں سامان سر پر اٹھائے سکھ بھائیوں کو دیکھ کر فوری ٹرالی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں مجھے نظر آتی ہیں تو متعلقہ محکموں کو کیوں نہیں دکھائی دیتیں، سڑکوں کی مرمت خود بخود کیوں نہیں کی جاتی؟ انہوں نے کہا کہ ڈھائی لاکھ گھر بنانے کے خواب کو اللہ تعالیٰ نے تعبیر دی۔
پنجاب پولیس کیلئے 50 اے آئی بیسڈ الیکٹرک گاڑیاں
پنجاب میں پہلی مرتبہ پولیس کو اے آئی ٹیکنالوجی بیسڈ الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس کو 50 اے آئی بیسڈ الیکٹرک گاڑیاں دینے کی منظوری دے دی جبکہ مری پولیس کے لیے 10 نئی آپریشنل گاڑیوں کی خریداری بھی منظور کر لی گئی۔
محکمہ جیل خانہ جات میں 3080 آسامیوں پر بھرتی
صوبائی کابینہ نے محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں 3 ہزار 80 آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی جبکہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی مختلف آسامیوں پر بھرتی کی بھی منظوری دی گئی۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کے قواعد و ضوابط اور شرائط کی منظوری بھی دی گئی۔
ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اور اوکاڑہ کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
کابینہ نے ڈیرہ غازی خان کے 62 ترقیاتی منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
ضلع مظفرگڑھ کے 27 جبکہ اوکاڑہ کے 2 منصوبے بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹوٹے پھوٹے بس سٹینڈز کی فوری مرمت کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔
پنجاب میں ڈیری سپلائی چین منصوبہ منظور
صوبائی کابینہ نے ڈیری سپلائی چین منصوبے کی منظوری دے دی جبکہ کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ کی ازسرنو تشکیل بھی منظور کر لی گئی۔
راولپنڈی کی تاریخی عمارتیں اور بازار محفوظ ورثہ قرار
کابینہ نے راولپنڈی کے قدیم شہر کی تاریخی عمارتوں اور بازاروں کو محفوظ ورثہ قرار دینے کی منظوری دے دی۔
کامران بارہ دری لاہور کا بحالی منصوبہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور سے محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
کنیئرڈ کالج کی طالبات کیلئے 450 لیپ ٹاپس منظور
صوبائی کابینہ نے کنیئرڈ کالج برائے خواتین لاہور کی طالبات کے لیے 450 لیپ ٹاپس فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے مری میں پنجاب ہاؤس کی تعمیر نو، تزئین و آرائش اور اضافی نئے بلاکس کی تعمیر کی منظوری دے دی۔
پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کیلئے 50 کروڑ گرانٹ
صوبائی کابینہ نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دے دی۔
محفوظ جیلیں پنجاب منصوبے کے لیے اضافی فنڈز کی فراہمی اور محکمہ آبی زراعت و ماہی پروری کے لیے ٹرانسپورٹ کی خریداری بھی منظور کر لی گئی۔
نیورو سائنسز انسٹی ٹیوٹ کیلئے 5 ارب کے اضافی فنڈز
کابینہ نے مالی سال 2026-27 کے دوران پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے لیے 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔
سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی ہنگامی بحالی، نہروں کی بھل صفائی اور لفٹ ایریگیشن سکیموں کو فعال رکھنے کے لیے 9 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔
پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں صوبائی حصے کی واپسی سے متعلق بھی منظوری دی گئی۔
ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سالانہ بجٹ تخمینے کی منظوری
صوبائی کابینہ نے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سالانہ بجٹ تخمینے کی منظوری دے دی جبکہ عدلیہ کی نئی ترقیاتی سکیموں کی شمولیت اور ضمنی گرانٹ کے ذریعے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی رولز 2026 منظور
کابینہ نے پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی رولز 2026 کی منظوری دے دی۔
نئے سیمنٹ پلانٹ کے قیام کے لیے این او سی منظور
صوبائی کابینہ نے ضلع خوشاب کے علاقے داؤال میں نئے سیمنٹ پلانٹ کے قیام کے لیے این او سی جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
ممنوعہ علاقوں میں سیمنٹ پلانٹس کے قیام اور موجودہ پلانٹس کی توسیع پر عائد پابندیوں کا جائزہ لینے کے بعد ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
کابینہ نے قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ اراضی کے اضافے کے ذریعے توسیع کی منظوری دے دی۔
پنجاب موٹر وہیکل ٹرانزیکشنز لائسنس رولز میں ترمیم
کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے تحت پنجاب موٹر وہیکل ٹرانزیکشنز لائسنس رولز 2015 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
مجوزہ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (ای پی آر اے) پنجاب بل 2026 کی بھی منظوری دے دی گئی۔
پنجاب پولیس رولز اور سروس رولز میں ترامیم منظور
کابینہ نے پنجاب پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور سپرنٹنڈنٹس کی ترقی کے ذریعے تقرری کے سروس رولز 2020 میں ترامیم کی منظوری دی۔
پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ایف آئی آر کی پرنٹنگ سے متعلق پنجاب پولیس رولز 1934 میں ترمیم بھی منظور کر لی گئی۔
پنجاب قرآن بورڈ میں بھرتیوں پر پابندی میں نرمی
صوبائی کابینہ نے پنجاب قرآن بورڈ کے سپیشل سیل میں ڈائریکٹر جنرل (بی ایس 20) اور دیگر آسامیوں پر بھرتی کی پابندی میں نرمی اور اجازت کی منظوری دے دی۔
محکمہ قانون کے مینوئل، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ایکٹ 2007 کی دفعہ 9 اور محکمہ اوقاف کے ملازمین کے سروس رولز میں ترامیم بھی منظور کر لی گئیں۔
پھاٹا اور ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز میں ترامیم کی منظوری
کابینہ نے پھاٹا لینڈ یوز رولز 2017 میں مجوزہ ترامیم اور ملکیتی حقوق کے حامل کمرشل عمارتوں اور جائیدادوں کی غیر مجاز ذیلی تقسیم پر کنورژن فیس کی وصولی کے معاملے پر تین ماہ کے لیے عارضی اجازت دے دی۔
ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز 2020 میں مجوزہ ترمیم کی بھی منظوری دے دی گئی۔
پنجاب ٹیکسٹائل کمپلائنس اینڈ سرٹیفکیشن پروگرام
صوبائی کابینہ نے پنجاب ٹیکسٹائل کمپلائنس اینڈ سرٹیفکیشن پروگرام کے تحت سرٹیفکیشن سبسڈی کے طریقہ کار کی منظوری دے دی۔
کامن فیسیلٹی سینٹر فنانسنگ پراجیکٹ کے تحت اخراجات کی واپسی کے طریقہ کار اور مصنوعات و خام مال کی جانچ کے لیے سبسڈی پروگرام کے تحت سبسڈی کے حصے کی بھی منظوری دی گئی۔
کمالیہ اور جھنگ کی لیبر کالونیوں کی مرمت
کابینہ نے کمالیہ اور جھنگ کی لیبر کالونیوں کی مرمت و بحالی کی منظوری دے دی۔
سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 میں ضلع راولپنڈی کی سڑکوں سے متعلق ترقیاتی سکیم کے نام میں تبدیلی اور ضلعی لیبر دفاتر کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کے منصوبے میں تصحیح کی بھی منظوری دی گئی۔
عوامی نمائندوں کی وزیراعلیٰ سے ملاقاتوں سے متعلق امور کی منظوری
صوبائی کابینہ نے ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، ملتان، سرگودھا، اوکاڑہ، وہاڑی، چنیوٹ اور ساہیوال کے عوامی نمائندوں کی وزیراعلیٰ سے ملاقاتوں سے متعلق امور کی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں میں منظور شدہ منصوبوں پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
صوبائی کابینہ ارکان کے اظہار خیال
منشا اللہ بٹ نے کہا کہ خلق خدا کی آواز نقارہ خدا ہے، جو نقارہ خدا کو نہیں سمجھتے اللہ تعالیٰ انہیں عقل دے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ 40 سال بعد راولپنڈی میں ایسا عوامی اجتماع دیکھنے کو آیا۔
رمیش سنگھ اڑوڑا نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں نے بابا گورونانک کے جنم دن پر مٹھائی بھجوانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔