جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس جزوی معطل، ٹریفک ایڈوائزی جاری

جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس جزوی معطل، ٹریفک ایڈوائزی جاری

میٹرو بس حکام کے مطابق 26 نومبر سے 28 نومبر تک میٹرو بس سروس محدود رہے گی، راولپنڈی کے صدر سٹیشن سے اسلام آباد کے فیض احمد فیض سٹیشن تک میٹرو بس سروس فعال رہے گی، جبکہ 7ویں ایونیو سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس 26 نومبر رات 10 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک معطل رہے گی۔

حکام کے مطابق میٹرو بس سروس محدود کرنے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے، اسی دوران مذکورہ روٹ پر الیکٹرک بس سروس بھی معطل رہے گی، جس کے باعث شہریوں کو متبادل سفری انتظامات کرنا ہوں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا، موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھی ہیوی ٹریفک کو جڑواں شہروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

انتظامیہ کے مطابق فیض آباد بس ٹرمینل بھی 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک بند رہے گا، اس دوران بین الاضلاعی بسوں اور دیگر مسافر گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے شہریوں کو اپنی سفری منصوبہ بندی متبادل اوقات اور انتظامات کے مطابق کرنا ہوگی۔

دوسری جانب سکیورٹی انتظامات کے تحت مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز نمبر 3 اور 5 بھی 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گے۔

انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 26 سے 28 نومبر کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کی سفری دشواری سے بچنے کے لیے اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال، متبادل راستوں اور سفری پابندیوں سے متعلق معلومات کے لیے اسلام آباد پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رابطے میں رہیں۔