خلاصہ
- پشاور: (ویب ڈیسک) غیر قانونی طریقے سے یورپ لے جانے والی تارکین وطن کی کشتی کو لیبیا میں حادثہ پیش آیا ہے جس میں سوار تمام 70 مسافر لاپتا ہوگئے جن میں سے 35 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے ہے۔
باجوڑ کے متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ایجنٹ کے ذریعے ملی، ایجنٹ نے بتایا کہ لیبیا میں کشتی کو 21 نومبر کو حادثہ پیش آیا تھا، سمندر سے اب تک کسی کی لاش نہیں نکالی جاسکی ہے۔
ادھر تحصیل ماموند کے علاقے نختر میں 6 افراد کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔
ڈی پی او خان زیب مہمند کے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، غیر قانونی طریقوں سے یورپی ممالک بھیجنے والے ایجنٹوں کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔
مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان روزگار نہ ملنے پر سمندروں میں جانیں گنوا رہے ہیں، بے امنی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے نوجوانوں کو ملک چھوڑنے پر مجبورکیا ہے، نوجوانوں کو اپنے وطن میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل میسر نہیں۔
ایمل ولی نے مطالبہ کیا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے اور ذمہ داروں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے، حادثے میں جاں بحق نوجوانوں کی میتیں فوری پاکستان منتقل کی جائیں اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے لیبیا کے حکام سے مؤثر رابطے کیے جائیں۔