خلاصہ
- لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی ایک ملزم کے مفرور ہونے پر پورے قتل کیس کی کارروائی اس کی گرفتاری تک غیر معینہ مدت کے لیے روکنا غیر قانونی ہے، عدالت نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حاضر ملزمان کے خلاف مقدمے کی کارروائی قانون کے مطابق جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد ابن عزیز نے مجرمانہ نظرثانی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، درخواست گزار محمد عرفان نے ایڈیشنل سیشن جج منڈی بہاؤالدین کے 8 ستمبر 2025 کے حکم کو چیلنج کیا تھا، جس میں مرکزی ملزم ارسلان عرف چوچی شاہ کی گرفتاری تک قتل کیس کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔
مقدمے کے مطابق مدعی نجم شہزاد نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ مرکزی ملزم ارسلان عرف چوچی شاہ نے محمد عارف پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہوگیا، جبکہ اسی واقعے میں درخواست گزار محمد عرفان پر روزینہ فاروق کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ 2 ستمبر 2023 کو تھانہ سول لائنز منڈی بہاؤالدین میں درج کیا گیا تھا۔
ٹرائل کے دوران مرکزی ملزم سمیت بعض ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر انہیں اشتہاری قرار دے دیا گیا، بعد ازاں مدعی کی درخواست پر ٹرائل کورٹ نے مرکزی ملزم کی گرفتاری اور پیشی تک تمام کارروائی روک دی تھی، جس کے خلاف محمد عرفان نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کا مؤکل باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہو رہا ہے اور کسی دوسرے ملزم کے مفرور ہونے کی وجہ سے اسے جلد سماعت اور مقدمے کے فیصلے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس خالد ابن عزیز نے فیصلے میں قرار دیا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 344 کے تحت مقدمے کی سماعت ملتوی کرنے کا اختیار صرف معقول وجہ اور مناسب مدت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، مقدمے کو بغیر کوئی تاریخ مقرر کیے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنا قانون کے مطابق قابل قبول نہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ کسی ملزم کی مفروری بذاتِ خود دیگر حاضر ملزمان کے خلاف ٹرائل روکنے کا قانونی جواز نہیں بن سکتی، ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 سمیت قانون میں ایسے طریقہ کار موجود ہیں جن کے ذریعے مفرور ملزم کی عدم موجودگی میں شواہد محفوظ کیے جا سکتے ہیں، لہٰذا دیگر ملزمان کے قانونی حقوق غیر معینہ مدت تک معطل نہیں رکھے جا سکتے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ مقدمات میں غیر ضروری تاخیر ملزمان کو مسلسل غیر یقینی صورتحال سے دوچار کرتی ہے، جو آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت منصفانہ ٹرائل اور قانونی عمل کے بنیادی حق کے منافی ہے، ہر ملزم کو یہ حق حاصل ہے کہ اس کے خلاف عائد الزامات کا فیصلہ بلاوجہ تاخیر کے قانون کے مطابق کیا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج منڈی بہاؤالدین کا 8 ستمبر 2025 کا حکم کالعدم قرار دے دیا اور ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ درخواست گزار محمد عرفان اور دیگر حاضر ملزمان کے خلاف مقدمے کی کارروائی قانون کے مطابق جاری رکھی جائے اور مرکزی ملزم کی مفروری کو ٹرائل روکنے کی بنیاد نہ بنایا جائے۔