خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے 55ویں قومی دن عید الاتحاد کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتی، سماجی اور سیاسی شخصیات سمیت مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔
تقریب سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزعابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2 دسمبر 1971 کو شیخ زاید بن سلطان النہیان اور دیگر بانی رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات کی بنیاد رکھی۔ اتحاد، یکجہتی اور ترقی کے اصول ملک کے قیام کی بنیادی اساس قرار پائے، جبکہ بانیانِ امارات کا وژن آج بھی قومی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے۔ امارات میں سال 2026 کو خاندان کا سال قرار دیا گیا ہے، کیونکہ خاندانی یکجہتی، قومی شناخت اور مشترکہ اقدار مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں۔
سالم محمد الزعابی کا کہنا تھا کہ 55 برسوں میں متحدہ عرب امارات عالمی تجارت، سرمایہ کاری، جدت اور ثقافتی تبادلے کا مرکز بن چکا ہے، جہاں 200 سے زائد قومیتوں کے افراد آباد ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا صد سالہ وژن 2071 مستقبل کی ترقی اور خوشحالی کا روڈ میپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی پیش رفت نمایاں ہے، جبکہ معاشی تنوع اور جدید ٹیکنالوجی قومی ترقیاتی حکمت عملی کے اہم ستون ہیں۔ امارات کی ترقی کا محور عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی ہے۔
تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پُرمسرت موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اپنے اماراتی بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہونا باعثِ مسرت ہے۔ آج ایک ایسی قوم کی خوشی منائی جا رہی ہے جس نے ترقی کا عظیم سفر تیزی سے طے کیا۔
انہوں نے کہا کہ 55 برس قبل شیخ زاید النہیان نے ایک وژن دیکھا تھا جو آج حقیقت بن چکا ہے۔ پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات محض قریبی ہمسایہ اور دوست نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر اہمیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کا آغاز متحدہ عرب امارات کے قیام کے ساتھ ہوا، جو آج بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تحفظِ خوراک سمیت مختلف شعبوں میں مزید فروغ پا رہے ہیں۔ امارات میں مقیم 17 لاکھ سے زائد پاکستانی متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر کہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مستقبل میں بھی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تعاون مختلف شعبوں میں مزید وسعت اختیار کر رہا ہے۔ پاکستان خطے میں متحدہ عرب امارات کے تعمیری کردار کو بھرپور اہمیت دیتا ہے۔ یو اے ای نے ہمیشہ امن و استحکام، خوشحالی کے فروغ اور بات چیت و مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اتحاد کے 55 سال منا رہا ہے اور پاکستان اس خوشی کے موقع پر امارات کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔