خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) ایڈمن سوسائٹی میں عمارت زمین بوس ہونے کے حادثے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، ملبے تلے متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے مزید افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔
عمارت کا ملبہ ہٹانے کے دوران کے ایم سی میونسپل سروسز کا ایک اہلکار بلاک ٹانگ پر لگنے سے زخمی ہوگیا۔
ملبے میں مزید ایک لاش کی نشاندہی بھی ہوئی ہے، جسے نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کی کوششیں جاری ہیں۔ عمارت منہدم ہونے کے بعد اب تک 14 زخمیوں اور 3 لاشوں کو نکالا جا چکا ہے۔
دوسری جانب عمارت گرنے کے واقعے میں لاپتا افراد کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں، ریسکیو آپریشن میں تاخیر پر متاثرہ خاندانوں کا صبر جواب دے گیا اور لواحقین احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ فیصل پر نکل آئے۔
متاثرہ خاندانوں نے بلوچ کالونی کے قریب شاہراہ فیصل ٹریفک کے لیے بند کردی اور ملبے تلے دبے 17 لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ ہمارے پیاروں کو جلد از جلد ملبے سے نکالا جائے۔ شاہراہ فیصل کی بندش سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔