کیچ :(دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع کیچ میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی شہر کی مین شاہراہوں پر سستے گرم کپڑوں اور جوتوں کے عارضی بازار سجنے لگے۔۔
یہ سستے بازار شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، عام شہری بڑی تعداد میں ان بازاروں کا رخ کر رہے ہیں، بازاروں میں گرم کپڑے، جیکٹس، سویٹر، شالیں،گرم بسترے اور جوتے مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ بڑے شاپنگ سینٹرز میں گرم کپڑے ان کی دسترس سے باہر ہو چکے ہیں، مہنگائی کے اس دور میں سستے بازار عوام کے لیے بڑی سہولت بن گئے ہیں۔
دکانداروں کے مطابق خریداروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے،بازاروں میں خواتین، مرد اور بچے سب ہی خریداری کرتے نظر آتے ہیں، سستے بازاروں نے متوسط اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کیا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے انتظامیہ سے ایسے بازاروں کے تسلسل کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ سستے بازار کا قیام خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔


