خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں مبینہ پولیس مقابلے مں افغانی ڈکیت گینگ کا ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ گولڑہ کی حدود میں ہوا جہاں ناکہ پر چیکنگ کے دوران مشتبہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی تو موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ڈاکو فرار ہونے لگے۔
پولیس ٹیم نے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی سیدھی فائرنگ شروع کر دی، پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت محفوظ رہے۔
فائرنگ کے دوران فرار کی کوشش میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گر پڑا جسے پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کی شناخت گینگ کے سرغنہ عبدالاحد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق عبدالاحد افغان شہری ہے اور ڈاکیتی، راہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھا، ہادی افغانی گینگ ترنول، سنگجانی اور گولڑہ کے علاقوں میں پیدل افراد اور موٹر سائیکل سواروں کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور اسلحہ پستول معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا ہے، واقعے کے بعد ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔