رحیم یار خان میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو مرکز دوبارہ فعال

رحیم یار خان میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو مرکز دوبارہ فعال

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیوروسارہ احمد نے رحیم یار خان میں قائم چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مرکز کو دوبارہ فعال کر دیا ہے۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے بتایا کہ یہ مرکز کچھ عرصہ قبل چائلڈ کیئرنگ سٹاف کی کمی کے باعث عارضی طور پر غیر فعال کر دیا گیا تھا، تاہم اب اسے جدید سہولیات اور نئے عزم کے ساتھ بحال کر دیا گیا ہے۔

مرکز کی بحالی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں معزز اراکینِ اسمبلی جن میں رئیس نبیل، عشرت اشرف، مہوش سلطانہ، نسرین ریاض، مسرت جبین، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ کے علاوہ سماجی شخصیات، مخیر حضرات اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

شرکاء نے اس اقدام کو بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مرکز نہ صرف لاوارث اور بے سہارا بچوں کو محفوظ پناہ فراہم کرے گا بلکہ انہیں معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، نفسیاتی معاونت اور بحالی کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی بچے کے ساتھ زیادتی، تشدد یا استحصال کا واقعہ پیش آئے تو بیورو کا مضبوط ریفرل سسٹم قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کرے گا، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا واضح پیغام ہے:  ہم زندگیاں بدلتے ہیں ۔

اس موقع پر چیئرپرسن نے کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان، منتخب نمائندگان، مخیر حضرات اور ڈونرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مرکز کی بحالی میں بھرپور تعاون کیا۔

سارہ احمد نے ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو ندیم اختر، ڈائریکٹرز اور بیورو کے تمام عملے کی محنت کو بھی سراہا جن کی کاوشوں سے یہ ممکن ہو سکا۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے رحیم یار خان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے بچوں کے تحفظ کے لیے ادارے کے ساتھ تعاون کریں اور اگر کسی بچے کو مدد کی ضرورت ہو تو چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر فوری اطلاع دیں۔

سارہ احمد نے کہا کہ یہ پنجاب میں قائم ہونے والا 17واں چائلڈ پروٹیکشن سینٹر ہے، حکومت پنجاب کے تعاون سے مستقبل میں مزید اضلاع تک اس دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا، عوام میں بچوں کے حقوق سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہمات جاری ہیں۔