خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوگیا ہے اور لیسکو کے 50 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث گلشن راوی، قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد، چوبرجی، راج گڑھ، گڑھی شاہو، والٹن روڈ، چونگی امرسدھو، شالیمار، باغبانپورہ، سکھ نہر، ہربنس پورہ، تاج باغ، سبزہ زار اور شاد باغ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ترجمان لیسکو ترجمان نے بتایا کہ بارش کے باعث مختلف تکنیکی خرابیاں سامنے آئی ہیں جبکہ ٹرانسفارمر جلنے کی درجنوں شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، بارش شروع ہوتے ہی تمام فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
دوسری جانب بارش رکنے کے فوراً بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا کام تیز کر دیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں، بچوں اور جانوروں کو بجلی کی تنصیبات، ٹوٹے ہوئے تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔