سندھ بھر میں اسلحے کی نمائش پر پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع

سندھ بھر میں اسلحے کی نمائش پر پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع

پابندی یکم نومبر 2026 سے مزید ایک ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگی، حکومت سندھ نے دفعہ 144 کے تحت پابندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز دوران ڈیوٹی مقررہ مقامات پر اسلحہ رکھنے کے مجاز ہوں گے تاہم دوران سفر گاڑیوں میں اسلحے کی نمائش یا تشہیر نہیں کر سکیں گے۔

نجی سیکیورٹی گارڈز دوران سفر اپنا اسلحہ گاڑیوں کے اندر رکھیں گے جبکہ دوران گشت اور کھلی جگہوں پر بھی اسلحے کی نمائش نہیں کریں گے۔

حکومت سندھ کے مطابق عوام میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے والی اسلحے کی غیرضروری نمائش کی اجازت نہیں ہوگی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو قانونی کارروائی کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمات درج کیے جا سکیں گے، حکومت سندھ نے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اسلحے کی نمائش پر پابندی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔