خلاصہ
- منڈی بہاؤالدین:(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین میں گرین ٹریکٹرز سکیم کے تحت 12 کسانوں کو چابیاں دے دی گئیں۔
منڈی بہاءالدین میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست اقدامات کے تحت کاشتکاروں میں ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب ضلعی آفس میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری خالد محمود رانجھا نے کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر خالد محمود رانجھا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کسانوں کو فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کے 174 خوش نصیب کاشتکار آن لائن شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے گرین ٹریکٹرز حاصل کریں گے، جن میں سے ابتدائی طور پر 12 کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی چابیاں دے دی گئی ہیں۔
خالد محمود رانجھا کا مزید کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، جدید زرعی مشینری کی فراہمی سے کاشتکاری کے طریقوں میں بہتری آئے گی اور فصلوں کی پیداوار میں نمایاں اضافے میں مدد ملے گی۔
تقریب میں گرین ٹریکٹرز حاصل کرنے والے کاشتکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو کسان پیکیج فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔