خلاصہ
- لاہور: (عاطف پرویز) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی تعلیمی اہلیت سے متعلق اہم اعداد و شمار سامنے آ گئے، محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق صوبے میں ہزاروں اساتذہ آج بھی کم تعلیمی اسناد کے ساتھ تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ پر بھی مشتمل ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے سرکاری سکولوں میں 14 ہزار سے زائد اساتذہ صرف میٹرک پاس ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی اساتذہ میں 60 فیصد مرد جبکہ 40 فیصد خواتین اساتذہ شامل ہیں جو مختلف سکولوں میں تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں، اعداد و شمار کے مطابق 752 اساتذہ پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ہیں، جبکہ 9 ہزار سے زائد اساتذہ ایف اے اور ایف ایس سی کی اسناد رکھتے ہیں۔
اسی طرح 40 ہزار اساتذہ ایم فل ڈگری کے حامل ہیں، جبکہ 62 ہزار اساتذہ کے پاس بی اے یا بی ایس ایڈ کی ڈگری موجود ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق 2 لاکھ سے زائد اساتذہ ایسے ہیں جن کے پاس ماسٹرز کی ڈگری ہے، جو صوبے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ تدریسی عملے کی نمایاں تعداد کو ظاہر کرتا ہے۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، معیارِ تعلیم میں بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، اگر اساتذہ کی تعلیمی اہلیت کے ساتھ تربیت پر بھی توجہ دی جائے تو سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔