کیا Pedro Sánchez نوبل امن انعام کے حقدار ہیں؟

کیا Pedro Sánchez نوبل امن انعام کے حقدار ہیں؟

فلسطین کے حق میں جرات مندانہ مؤقف

فلسطین کا مسئلہ کئی دہائیوں سے عالمی ضمیر کا امتحان بنا ہوا ہے۔ ہزاروں فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، مگر عالمی سیاست اکثر اس مسئلے پر تقسیم اور خاموشی کا شکار رہی۔

ایسے ماحول میں اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچز نے نہ صرف فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کی بلکہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے اقدام کی بھی حمایت کی۔ اس فیصلے نے یورپ میں ایک نئی بحث کو جنم دیا کہ عالمی سیاست صرف طاقت کے توازن پر نہیں بلکہ انصاف اور انسانی حقوق کے اصولوں پر بھی مبنی ہونی چاہیے۔

عرب دنیا کی خاموشی اور اسپین کی آواز

یہ ایک اہم اور قابل غور پہلو ہے کہ جہاں بعض عرب ممالک کے حکمران فلسطین کے مسئلے پر محتاط یا خاموش دکھائی دیے، وہیں یورپ کے ایک ملک اسپین کے وزیر اعظم نے کھل کر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی۔

اسپین کے وزیر اعظم نے بارہا واضح کیا کہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

ایران پر حملے کے معاملے پر اسپین کا واضح مؤقف

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فوجی حملے کیے گئے۔ اس موقع پر پیدرو سانچز نے اس کارروائی کو خطرناک اور عالمی امن کے لیے نقصان دہ قرار دیا اور واضح اعلان کیا کہ اسپین کی سرزمین کسی ایسی جنگ کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی جو دنیا کو مزید تباہی کی طرف لے جائے۔

اسپین نے امریکہ کو واضح طور پر انکار کر دیا کہ اس کی فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف کارروائی کے لیے استعمال کیا جائے، اس فیصلے کے نتیجے میں امریکہ کو اپنے فوجی طیارے اسپین کے اڈوں سے واپس منتقل کرنا پڑے۔ 

یورپ میں نئی بحث اور دیگر ممالک کا ردعمل

اسپین کے اس جرات مندانہ موقف کے بعد یورپ میں بھی اس جنگ کے حوالے سے نئی بحث شروع ہوئی۔ کئی یورپی ممالک نے جنگ کے پھیلاؤ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور عالمی قوانین اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کے حل پر زور دیا۔

کچھ ممالک جیسے ناروے، بیلجیئم اور جرمنی میں بھی سیاسی حلقوں نے اس جنگ کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے اور فوجی مداخلت سے گریز کی بات کی، اسی طرح یورپی یونین کے اندر بھی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔ 

کیا یہ کردار نوبل امن انعام کا مستحق ہے؟

نوبل امن انعام کا مقصد ان شخصیات کو تسلیم کرنا ہے جو دنیا میں امن، انصاف اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کریں۔ اگر اس معیار کو سامنے رکھا جائے تو پیدرو سانچز کا کردار یقیناً عالمی توجہ کا مستحق بنتا ہے۔

یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ انہیں یہ اعزاز ملے گا یا نہیں، مگر یہ حقیقت واضح ہے کہ موجودہ دور میں جب دنیا جنگوں اور تنازعات کی لپیٹ میں ہے، ایسے رہنما جو امن، سفارت کاری اور انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں، وہ عالمی سیاست میں امید کی ایک کرن ثابت ہوتے ہیں۔

آخری سوال

آج جب عالمی سیاست میں اکثر طاقت کو انصاف پر ترجیح دی جاتی ہے تو یہ سوال اہمیت اختیار کر جاتا ہے کہ کیا ایک ایسے رہنما کو، جس نے عالمی طاقتوں کے دباؤ کے باوجود مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی اور جنگ کے بجائے امن کی بات کی، نوبل امن انعام کے لیے نامزد نہیں کیا جانا چاہیے؟