سائنسدانوں نے بیکٹیریا سے بھی چھوٹا کیو آر کوڈ تیار کر لیا

سائنسدانوں نے بیکٹیریا سے بھی چھوٹا کیو آر کوڈ تیار کر لیا

ماہرین کے مطابق بیکٹیریم ایک خوردبینی خلیہ ہوتا ہے جس کی لمبائی عموماً 1 سے 5 مائیکرو میٹر کے درمیان ہوتی ہے، جبکہ انسانی بال اس سے 50 سے 100 گنا زیادہ موٹا ہوتا ہے، اس کے مقابلے میں تیار کیا گیا نیا کیو آر کوڈ اتنا چھوٹا ہے کہ اسے انسانی آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں۔

ویانا یونیورسٹی کے محققین نے اس ننھے کیو آر کوڈ کو ایک خاص قسم کے سیرامک مواد پر کندہ کرنے کے لیے چارج شدہ ذرات کا استعمال کیا۔

یہ کیو آر کوڈ نہ صرف انتہائی چھوٹا ہے بلکہ کئی سال تک ڈیٹا محفوظ رکھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، صرف 1.98 مربع مائیکرو میٹر کے اس کوڈ کو گنیز ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کا سب سے چھوٹا کیو آر کوڈ قرار دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قدر باریک کیو آر کوڈ کو عام روشنی میں نہیں دیکھا جا سکتا بلکہ اس کے مشاہدے کے لیے الیکٹران مائیکرو سکوپ درکار ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق یہ پیش رفت نینو ٹیکنالوجی میں ڈیٹا سٹوریج کے جدید حل تلاش کرنے اور نئی ایپلی کیشنز کی تیاری کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔