خلاصہ
- واشنگٹن: (ویب ڈیسک) وائٹ ہاؤس کی جانب سے صحافیوں کے لیے دیئے گئے عشائیہ کے دوران فائرنگ کا واقعہ واشنگٹن ہلٹن ہوٹل (کنیکٹیکٹ ایونیو) میں پیش آیا، اسی جگہ 1981 میں امریکی صدر رونالڈ ریگن کو گولی مار کر زخمی کیا گیا تھا۔
امریکی صدر رونالڈ ریگن پر حملے کا واقعہ 30 مارچ 1981 کو پیش آیا تھا کہ جب حملہ آور جان ہنکلی جونیئر نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ ہوٹل کے اندر ایک خطاب کے بعد اپنی لیموزین کی طرف واپس جا رہے تھے۔
ریگن اس حملے میں زندہ بچ گئے تھے تاہم انہیں اس وقت شدید چوٹیں آئیں جب ایک گولی صدر کی لیموزین کے پہلو سے ٹکرا کر ان کے جسم میں لگی، جس سے ان کی ایک پسلی ٹوٹ گئی اور پھیپھڑوں میں سے ایک کو نقصان پہنچا تھا۔
امریکی صدر رونالڈ ریگن کو اس واقعہ کے فوری بعد قریبی جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں سے وہ 11 اپریل کو ڈسچارج ہوئے تھے۔
اس وقت کے وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری جیمز بریڈی بھی اسی واقعہ میں زخمی ہوئے تھے جبکہ ایک سیکرٹ سروس اہلکار اور میٹروپولیٹن پولیس کا ایک مقامی افسر بھی زخمیوں میں شامل تھے۔
جیمز بریڈی کو اس واقعہ میں دماغی چوٹ آئی جس کے باعث وہ زندگی بھر معذوری کا شکار رہے اور ان کی یہ حالت بعد ازاں سنہ 2014 میں ان کی وفات تک برقرار رہی۔
بعد ازاں اگلے سال جان ہنکلی جونیئر کو ذہنی بیماری کی بنا پر مجرم قرار نہیں دیا گیا، تاہم انہیں واشنگٹن کے سینٹ الزبتھ ہسپتال کے انتہائی سکیورٹی والے حصے میں رکھا گیا جہاں سے انہیں سنہ 2016 میں رہا کیا گیا۔
آج بھی اس فائرنگ کے مقام پر ہوٹل کی دیوار پر ایک تختی نصب ہے جو اس واقعہ کی یاد دلاتی ہے۔